اسپین میں بارشوں نے تباہی مچا دی، اٹلی میں بھی ہائی الرٹ

اسپین میں بارشوں نے تباہی مچا دی، اٹلی میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔اسپین میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ اٹلی میں بھی شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس ہفتے کے اختتام پر اٹلی کا موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے مزید بارشیں ہوں گی اور موسم کے تیور بتدریج بگڑتے جائیں گے اس حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپین کے وسطی، مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ گاڑیاں سڑکوں پر بہتی ہوئی دکھائی دیں۔متعدد گاڑیاں سمندر میں جا گریں۔شدید بارشوں کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا اور متعدد افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔متعدد سڑکیں اور ریل کا نیٹ ورک بھی متاثر ہوا ہے۔

ہسپانوی حکام کے مطابق چند گھنٹے جاری رہنے والی بارش کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا۔گھروں اور دوکانوں سمیت بڑی تعداد میں تعمیرات زیر آب آ گئی ہیں۔طوفان کی شدت سے کئ درخت گر پڑے ۔کیتولونیا میں الکنار قصبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔مالی نقصان کا تخمینہ سولہ ملین ڈالر لگایا جارہا ہے۔

ہسپانوی حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی امدادی کارروائیاں کر رہی ہے اور جلد ہی حالات معمول پر لائے جائیں گے۔

اٹلی میں الرٹ جاری

دوسری طرف اٹلی میں بھی موسم نے انگڑائی لینا شروع کر دی ہے۔شدید گرمی کی لہر کے بعد اس ہفتے کے اختتام پر بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اطالوی خبر ایجنسی نے موسم کی اطلاع دینے والی ویب سائٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ جمعے سے ہی بادل ملک کے شمال مغربی علاقوں میں سر دانیہ سے ہوتے ہوئے وسطی اٹلی کا رخ کریں گے۔پلومونتے اور لگووریا میں بارش ہوگی۔جبکہ سردانیہ میں طوفانی بارش کا امکان ہے ۔اس کے بعد اتوار کو روم کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔جس سے کچھ علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے