برطانیہ میں آباد پاکستانی ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں

برطانیہ میں آباد پاکستانی ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں ۔برطانوی پارلیمنٹ کی ڈپٹی اسپیکر اور اپنگ فاریسٹ سے رکن پارلیمنٹ ایلینا لینگ نے کہا ہے کہ برطانیہ میں آباد پاکستانی ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔

تفصیلات

ڈپٹی اسپیکر نے یہ بات کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان کے ڈائریکٹر سید قمر رضا کی طرف سے چگویل اپنگ وارڈ سے سید ثقلین رضا کے کونسلر منتخب ہونے کی خوشی میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد نہ صرف پاکستانیوں کی سیاسی میدان میں کامیابیوں بلکہ خصوصاً اپنگ فاریسٹ کے علاقے میں آکر آباد ہونے اوراور پھر مقامی کمیونٹی کے ساتھ شاندار تعلقات استوار کرنے کو بھی سیلی بریٹ کرنا ہے۔

ایلینا لینگ نے کہا کہ کورونا وبا کے آغاز کے بعد تمام کمیونٹیز کے لیے مشکل وقت گزرا لیکن اس کے باوجود انہوں نے شاندار خدمات سرانجام دیں۔ وائرس کے سبب پاکستان میں بھی حالات مشکل رہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ سروس سے پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد بطور ڈاکٹر، نرس اور طبی عملے کے طور پر وابستہ ہے، جنہوں نے لوگوں کی بھرپور خدمات کی اور ان کی جانیں بچائیں۔

ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان کی کاوشوں کے سبب حالیہ لوکل الیکشن میں کنزرویٹو پارٹی نے متعدد نشستیں جیتیں اور کنزرویٹو ایسوسی ایشن میں بھی پاکستانیوں کی نمائندگی موجود ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ پابندیاں ختم ہوتے ہی وہ پاکستان کا دورہ کرنا چاہیں گی۔ تقریب کے میزبان سید قمر رضا نے کہا کہ اپنگ فاریسٹ کی رکن پارلیمنٹ ایلینا لینگ مہربان اور بہادر خاتون ہیں۔ وہ پارٹی اور ملک کے لیے بغیر تھکے کام کرتی ہیں۔

گزشتہ الیکشن میں حصہ لیا اور گھر، گھر جاکر لوگوں کو قائل کیا۔ ہمیں جب بھی ان کی ضرورت پڑتی ہے تو یہ دستیاب ہوتی ہیں۔

سید قمر رضا نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ ایشیائی کمیونٹی کو لیبر پارٹی کے حوالے سے جانا جاتا تھا لیکن اب وقت تبدیل ہورہا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ برطانوی ایشیائی کمیونٹی کی بڑی تعداد کنزرویٹو پارٹی میں شمولیت اختیار کررہی ہے اور اس ضمن میں کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان اور خصوصاً لارڈ ضمیر چوہدری اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

نومنتخب کونسلر سید ثقلین رضا نے کہا کہ چگویل شاندار علاقہ ہے۔ انہیں ایک اچھی ٹیم میسر ہے اور وہ اس علاقے کو مزید بہتر بنائیں گے۔ تقریب میں شریک مہمانوں کا بھی کہنا تھا کہ کنزرویٹو پارٹی اور مسلم کمیونٹی کی متعدد اقدار یکساں ہیں اور یہ جماعت ایشیائیوں کو آگے جانے کا بھرپور موقع فراہم کرتی ہے۔ شرکا کی تواضع روایتی پاکستانی باربی کیو کھانوں سے کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے