جرمنی میں کوروناکے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

جرمنی میں کوروناکے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں پھر سے اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ برلن میں بزرگ افراد کا ایک مرکز بھی وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
حالیہ دو ہفتوں کے دوران دوسرے یورپی ممالک کی طرح جرمنی میں بھی کووڈ انیس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس صورت حال کی وجہ سے حکام میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے۔

اس دوران جرمن دارالحکومت برلن کے ایک سینیئر سیٹیزن ہاؤس کے تمام بزرگ مکین کورونا وائرس سے پھیلنے والی کووڈ انیس کی بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ اس مرکز کے عملے کے پندرہ افراد میں بھی بیماری کی تشخیص ہوئی

سینیئر سیٹیزن ہاؤس کرونا کا شکار

برلن کے شمال میں واقع علاقے شورف ہائیڈے کے بزرگ شہریوں کے مرکز کے سارے مکینوں سمیت نگران عملے میں کووڈ انیس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ضلعی محکمہ صحت نے اس مرکز میں کووڈ انیس کی بیماری پھیلنے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایسا خیال کیا گیا ہے کہ مرکز میں کام کرنے والے وہ افراد جنہیں ویکسین پوری طرح نہیں لگی ہوئی، وہ مرکز میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بنے ہیں۔ دوسری جانب تمام بزرگ شہریوں کو ویکسین کے دونوں ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ اس مرکز میں بیالیس بزرگ افراد مقیم ہیں اور ان کی نگرانی پر پندرہ افراد مامور ہیں۔

مقامی پبلک ہیلتھ افیسر ہائیکے زانڈیر نے مرکز میں پھیلی وبا کو پریشان کن اور افسوس ناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عملے کو ویکسین کی مکمل خوراک کی ابھی فراہمی نہیں کی گئی ہے۔

انہوں نے اس پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ جرمنی جیسے ملک میں بزرگ افراد کے کیئر ہاؤسز کے عملے کے لیے ویکسینیشن ابھی تک لازمی قرار نہیں دی گئی۔

جرمن صورت حال

جرمنی میں متعدی امراض کے نگران ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات ایام کے دوران سارے ملک میں ایک لاکھ افراد میں انفیکشن کی شرح 145.1 ہو گئی ہے۔ جب کہ گزشتہ ہفتے یہ شرح 139.2 تھی۔

جرمنی میں ہیلتھ سیکٹرز کے مطابق سارے ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اکیس ہزار پانچ سو تینتالیس مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ایک ہفتے قبل یہ تعداد پندرہ ہزار ایک سو پینتالیس تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے