دنیا کا امیر ترین شخص کروڑوں شیئرز بیچنے پر راضی

دنیا کا امیر ترین شخص کروڑوں شیئرز بیچنے پر راضی ہو گیا۔ٹوئٹر پر کرائے جانے والے پول کے بعد ٹیسلا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایلون مسک نے کمپنی میں اپنے دس فیصد شیئرز فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیسلا دنیا کی سب سے زیادہ مالیت والی کار کمپنی ہے۔
الیکٹرک کاریں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایلون مسک نے گزشتہ ہفتے کے روز کہا تھا کہ وہ مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے جانے والے پول کے نتائج کا احترام کریں گے۔ ٹوئٹر پر اب یہ سروے مکمل ہو چکا ہے اور اس میں پینتیس لاکھ افراد نے اپنی رائے دی۔ شرکاء کی بھاری اکثریت 57.9 فیصد اس کے حق میں ہے کہ مسک ٹیسلا کے اپنے دس فیصد شیئرز فروخت کر دیں۔

مسک کی شیئرز بیچنے کی وجہ

امریکا میں ان دنوں ایسی تجاویز پیش کی جا رہی ہیں کہ دولت مند افراد پر ٹیکسوں کی شرح بڑھائی جائے۔ برسر اقتدار جماعت ڈیموکریٹس کے سینیٹ میں ارکان نے تجویز پیش کی ہے کہ اربوں ڈالر کے مالکان کے اسٹاکس اور دیگر اثاثوں پر اضافی ٹیکس لگایا جائے۔ صدر جو بائیڈن ملک میں سماجی سطح پر بہتری کے لیے جو اقدامات کرنے والے ہیں، ان رقوم سے وہ اخراجات پورے کیے جانا ہیں۔

ٹیسلا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایلون مسک کی جانب سے اپنے دس فیصد شیئرز فروخت کر دینے کے اعلان اور پول کے نتائج سامنے آنے کے بعد بازار حصص میں ٹیسلا کے شیئرز کی قدر میں کمی دیکھی گئی ہے۔ پیر کو فرینکفرٹ اسٹاک مارکیٹ میں ٹیسلا کے شیئرز کی قدر میں نو فیصد کی گراوٹ نوٹ کی گئی۔

اب اگر مسک اپنا کہا پورا کرتے ہیں، تو ٹیسلا کے اپنے دس فیصد شیئرز بیچ کر انہیں اکیس بلین ڈالر ملیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے