فیس بک نے اپنا نام تبدیل کر لیا،نیا نام کیا ہے؟

فیس بک نے اپنا نام تبدیل کر لیا،نیا نام کیا ہے؟ فیس بک نے سوشل میڈیا سے ذرا ہٹ کر ”میٹاورس” کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے اپنا نام ”میٹا” رکھ لیا۔ اس تبدیلی کا اطلاق فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسے انفرادی پلیٹ فارمز کے بجائے صرف ملکیت والی کمپنی پر ہو گا۔

تفصیلات


سوشل میڈیا کی بڑی عالمی کمپنی فیس بک نے اپنا نام تبدیل کر کے ”میٹا” رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد جہاں کمپنی کی از سر نو برانڈنگ ہے وہیں ”میٹاورس” کی ترقی کی جانب عوام کی توجہ کو بھی مبذول کرانا ہے۔ کمپنی کے سی ای او مارک زکر برگ نے 28 اکتوبر جمعرات کو اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا اب، ”ہم میٹاورس فرسٹ بن رہے ہیں، فیس بک فرسٹ نہیں۔”

فیس بک کے 37 سالہ بانی زکر برگ گزشتہ برس بیشتر اوقات اس بنیادی نکتے پر بات چیت کرتے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ لوگ ایک دن فیس بک کو ایک سوشل نیٹ ورک سے زیادہ ”میٹاورس کمپنی” کے طور پر جانیں گے۔

زکر برگ میٹاورس کی تعریف میں اسے انٹرنیٹ کی’نیکسٹ جنریشن‘ کے طور پر پیش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ایک ایسا ورچوئل ماحول پیش کرے گا جہاں لوگوں کو ڈیجیٹل ورلڈ میں ہونے کے باوجود حقیقت میں ایک دوسرے کے ساتھ موجود رہنے کا احساس ہو گا۔

مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ موجودہ برانڈ ”ممکنہ طور پر ہر اس چیز کی نمائندگی نہیں کر سکتا جو ہم آج کر رہے ہیں، مستقبل کی تو بات ہی چھوڑ دیں ” اور اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اور اسی لیے، ”اب وقت آگیا ہے کہ اس بات کی عکاسی کے لیے کہ ہم کون ہیں اور کیا کرنے کی امید رکھتے ہیں، ہمیں ایک نئے کمپنی برانڈ کو اپنانے کی ضرورت ہے۔”

واضح رہے کہ فیس بک نے اپنا کارپوریٹ نام بدلا ہے اور فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسے کمپنی کے انفرادی پلیٹ فارمز میں اس سے فی الوقت کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے