میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر بنانے والے کارکن نے معافی مانگ لی۔

میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر بنانے والے کارکن نے معافی مانگ لی۔ ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر ڈی ایگو میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر بنانے والے کارکن کلاڈیو فرنانڈیز نے فٹبالر کے مداحوں سے معافی مانگی ہے۔ مجموعی طور پر تین افراد نے فٹ بال لیجنڈ کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر کھنچوائی تھیں جس پر مداحوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

کلاڈیو فرنانڈیز نے اپنے بیٹے کے ساتھ (جو انگوٹھے سے ’تھمز اپ‘ کا اشارہ کر رہے ہیں) میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ کھڑے ہو کر تصاویر کھنچوائیں۔

بدھ کے روز ارجنٹائن کے سابق اٹیکنگ مڈفیلڈر اور مینیجر دارالحکومت بیونس آئرس میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد وفات پا گئے تھے۔

آن لائن وائرل ہونے والی تصاویر میں میراڈونا کی میت کو صدارتی محل میں پڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان تصاویر نے ان کے شائقین میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

فٹ بالر کے وکیل، میٹیس مورلا نے عزم کیا ہے کہ وہ ان تصاویر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں گے۔

فرنانڈیز نے جمعہ کو ریڈیو 10 کو بتایا کہ تصاویر لینے کا فیصلہ فوری تھا اور انھوں نے پہلے سے اس کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی

’صدی کا سب سے شاندار گول‘ کرنے والا جذباتی، باصلاحیت اور شوخ کھلاڑی

انھوں نے کہا ’ہر بچے کی طرح میرے بیٹے نے بھی ’تھمز اپ‘ کا اشارہ کیا اور انھوں نے فوٹو کھینچ لی۔ مجھے معلوم ہے کہ ہم نے بہت سارے لوگوں کو ناراض کیا گیا ہے اور انھوں نے اس کا غلط مطلب لیا ہے۔‘

فرنانڈیز نے بتایا کہ انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی ملی ہیں۔

انھوں نے ریڈیو سٹیشن کو بتایا ’وہ کہتے ہیں کہ وہ ہمیں مار ڈالیں گے، ہمارے سر پھاڑ دیں گے۔‘
فٹ بالر کی موت کے بعد یہ واقعہ ارجنٹائن میں غم و غصے کا سبب بنا ہے

سیپلیوس پنیر جنازے کے پارلر نے بتایا کہ یہ تینوں افراد ان کی کپمنی کے ملازمین نہیں تھے اور انھوں نے تابوت لے جانے میں مدد کی تھی۔

پارلر کے منیجر میٹیاس پیکن نے ٹی این نیوز چینل کو بتایا کہ ان تصاویر نے کمپنی کو سخت صدمہ پہنچایا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے میراڈونا خاندان کے دیگر افراد کے لیے بھی آخری رسومات کا اہتمام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’اس خاندان کو ہم پر مکمل اعتماد ہے، اسی وجہ سے ہم بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں۔‘

پیکن نے مزید کہا ’میرے والد کی عمر 75 سال ہے اور وہ رو رہے ہیں، میں رو رہا ہوں، میرے بھائی رو رہے ہیں، ہم تباہ ہوگئے ہیں۔‘
مداحوں کا کہنا ہے کہ میرا ڈونا ہمیشہ ہمارے دل میں رہیں گے

ارجنٹائن کے میڈیا کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم سے پتا چلا ہے کہ میراڈونا کو دل کا دورہ پڑا تھا۔

نومبر میں ان کے دماغ کی ایک شریان کی، جس میں ایک کلاٹ تھا، کامیاب سرجری ہوئی تھی۔

میراڈونا کو شراب پینے اور کوکین کے استعمال کے باعث متعدد صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کا وزن بھی وقت کے ساتھ بڑھتا چلا گیا اور ایک وقت میں وہ 128 کلو کے تھے اور انھیں سنہ 2004 میں بھی دل کا دورہ پڑا تھا اور انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کروایا گیا تھا۔

انگلینڈ کے سابق سٹرائیکر گیری لائنکر سمیت فٹ بال کی دنیا کے بہت سے بڑے ناموں نے میراڈونا کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گیری لائنکر کا کہنا تھا کہ ’وہ میری نسل کے بہترین کھلاڑی اور اب تک کے سب سے عظیم کھلاڑی‘ تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے